لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی ) وزیر اعلیٰ ستھرا پنجاب پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا۔ضلع کے ہر گاوں،یونین کونسل، محلہ، گلی کو مثالی بنایا جائے گا۔ ضلع بھر سے آوارہ کتوں کے خاتمہ کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ نمبردار اور سیکرٹریز یونین کونسل ستھرا پنجاب پروگرام میں ضلعی انتظامیہ کا ہراول دستہ ہوں گے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے ضلع کونسل ہال میں وزیر اعلیٰ ستھرا پنجاب پروگرام کے سلسلہ میں آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار میں ضلع بھر سے نمبرداروں اور سیکرٹریز یونین کونسل نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار میں اے ڈی سی آر شاہد ملک ، اسسٹنٹ کمشنرز حارث حمید خان ، حسن نذیر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض ، سی او ضلع کونسل افتخار بنگش، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالصمد، رضا خان ، مہر نوید اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا بہترین اقدام ہے جس سے ہر فرد براہ راست مستفید ہوگا لہذا عوام کو اس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ ہم اپنا ماحول صاف ستھرا رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے نمبرداروں اور سیکرٹریز یونین کونسل کو ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع سے آوارہ کتوں کی تلفی کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے گی تاکہ ہر فرد خصوصاً بچوں کو سگ گزیدی سے بچایا جا سکے۔ سیمینار میں نمبرداروں کی طرف سے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں جنہیں سراہا گیا۔ بعد ازاں ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کے لئے دعا کی گئی۔