ملتان(لیہ ٹی وی) چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول سلمی بٹ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے موبائل قیمت ایپ کو لانچ کیا گیا ہے جبکہ پرائس کنٹرول کیلئے دکانوں کی جیو ٹیگنگ بھی شروع کردی گئی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف ہمراہ تھےچیئرپرسن ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول سلمی بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بجلی بلوں میں واضح ریلیف دیا ہے اسی طرح اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانا حکومت کی ترجیح ہے۔کم طبقے والے افراد کو ریلیف دینے کیلئے سستے بازار قائم کئے گئے ہیں ۔چئیرپرسن ٹاسک فورس برائے پرائس نے کہا کہ طلب و رسد کی چین کو مستحکم رکھنے کیلئے الگ ادارہ قائم کیا جارہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں میں ملک کو خود کفیل کرکے قیمتیں کنٹرول کی جاسکتی ہیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو کارکردگی بہتر کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے۔چئیرپرسن ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا کہنا تھا کہ ناجائز منافع خوری کو روکنا وزیراعلی پنجاب کی جانب سے سپیشل ٹاسک ہے اس حوالے سے 20 روپے کی روٹی کو 13 روپے کردی گئی ہے جس سے ہر شخص کو ریلیف ملا ہے انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے نئی ریٹ لسٹیں تیار کرینگے اس حوالے سے 49 اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو حکومت پنجاب کنٹرول کرنے کیلئے قانون سازی کررہی ہے جبکہ منڈیوں کی حالت زار اور نیلامی کے عمل کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔چئیرپرسن ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل منڈیوں کے قیام سے مڈل مین کا کردار ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں جس کیلئے ڈیٹا اکھٹا کیا جارہا ہے جلد ہی ڈیجیٹل منڈیوں کو لانچ کیا جائے گا۔