لیہ : سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ نے ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عثمان طاہر اور ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن نعیم کنور کے ہمراہ ضلع لیہ اور تحصیل چوبارہ کے مختلف دفاتر، ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈیزیز ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر طارق گدارہ نے انہیں محکمانہ امور، ترقیاتی منصوبوں اور مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔سیکرٹری لائیو سٹاک نے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک دفاتر لیہ اور چوبارہ میں کولڈ چین سسٹم، فیلڈ افسران کی کارکردگی، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں اور حکومتی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سول ویٹرنری ہسپتالوں میں آؤٹ ڈور مریضوں کی سہولیات، آپریشن تھیٹر، الٹرا سونوگرافی، حفاظتی ویکسینیشن، ادویات کی دستیابی اور مویشی پال حضرات کی آگاہی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔احمد عزیز تارڑ نے ہدایت کی کہ مویشی پال حضرات کو بروقت اور معیاری ویٹرنری سہولیات فراہم کی جائیں اور محکمانہ خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے لیہ میں مصنوعی نسل کشی مرکز کا دورہ کرتے ہوئے نسلوں کی بہتری، جینیاتی استعداد میں اضافے، شرحِ حمل، پیدائش کے ریکارڈ اور مویشیوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔بعد ازاں ویٹرنری ڈیزیز ڈائیگناسٹک لیبارٹری لیہ میں انہیں مختلف ٹیسٹوں، بیماریوں کے رجحانات اور بیماریوں کی نگرانی کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری لائیو سٹاک نے بیماریوں کی بروقت تشخیص و روک تھام، بہتر نسلوں کے فروغ اور مویشی پال حضرات کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے مربوط اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی اقدامات پر عمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی اور مویشی پال حضرات کی معاشی بہتری کے لیے محکمانہ کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔






