لیہ:ٹیم بلوچستان بنی لیہ کی مہمان، فٹبال لیگ بنی لیہ کی پہچان، پنجاب کی روایتی مہمان نوازی اور محبت کے پیغام کے تحت لیہ فٹبال لیگ میں بلوچستان سے آنے والی ٹیم کا خصوصی استقبال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے بلوچستان کی ٹیم کو لیہ آمد پر خوش آمدید کہا۔اس موقع پر سابق صوبائی وزیر مہر اعجاز احمد اچلانہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر لیہ رانا زوہیب کریم، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ڈاکٹر فیصل امیر خان، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن نثار احمد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ذوالفقار حیدری، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امتیاز احمد بھٹی، صدر پریس کلب محسن عدیل چوہدری، مہر سعید اچلانہ، اجلال حیدر تھند، عارف چھینہ اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔ ٹیم کا ڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا گیا جبکہ کپتان، کوچ اور منیجر کو سرائیکی اجرک پیش کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ پنجاب کی روایات مہمان نوازی، محبت اور احترام پر مبنی ہیں اور بلوچستان سے آنے والی ٹیم ہمارے معزز مہمان ہیں کھیلوں کے میدان صوبوں کو قریب لانے اور ایک دوسرے کی ثقافت سے روشناس کرانے کا بہترین ذریعہ ہیں لیہ فٹبال لیگ کے ذریعے ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنے اور ثقافتی روابط مضبوط کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ بلوچستان سے آنے والی ٹیم کی عزت افزائی پنجاب کی مہمان نوازی اور بین الصوبائی احترام کی عکاس ہے۔بلوچستان ٹیم کے آفیشلز نے لیہ میں پرتپاک استقبال اور محبت بھرے رویے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے لوگ مہمان نواز، محبت کرنے والے اور پرامن ہیں لیہ نے جس خلوص اور محبت سے استقبال کیا وہ ان کے لیے یادگار ہے بلوچستان سے تقریباً 700 کلومیٹر کا سفر طے کرکے لیہ پہنچنے والے ٹیم آفیشلز نے یہاں کی خوبصورتی اور لوگوں کی مہمان نوازی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل جغرافیائی فاصلے کم کرکے دلوں کو قریب لاتے ہیں اور لیہ فٹبال لیگ نے محبت اور بھائی چارے کا عملی پیغام دیا ہے۔ انہوں نے مستقبل میں بھی لیہ آنے اور مقامی لوگوں کے ساتھ محبت و احترام کے رشتے برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔لیہ فٹبال لیگ کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ بین الصوبائی ہم آہنگی، ثقافتی روابط اور قومی یکجہتی کے فروغ کا ذریعہ بن رہی ہے۔ لیگ کا پیغام واضح ہے کہ کھیل کے میدان میں مقابلہ اور میدان سے باہر محبت، احترام اور بھائی چارہ ہی اصل پہچان ہے۔







