لیہ:لیہ فٹبال لیگ کے پہلے روز کھیلے گئے چاروں میچوں کے نتائج جاری کر دیے گئے، مختلف ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے ہوئے جبکہ ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس لیہ میں شائقین کا جوش و خروش دیدنی رہا۔پہلے میچ میں آزاد ایف سی لیہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈی ایف اے ڈی جی خان کو پانچ گول سے شکست دے دی۔ دوسرے میچ میں آتش ایف سی ٹانک نے عرفان اینڈ ظہیر شہید ایف سی 98 ایم ایل کو ایک گول سے ہرا کر کامیابی حاصل کی۔ تیسرے مقابلے میں ڈیرہ الیون ڈی آئی خان نے مراد چک 84 کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، جبکہ چوتھے میچ میں ڈی ایف اے بھکر نے پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہاؤسنگ یونائیٹڈ لیہ کو ہرا کر کامیابی اپنے نام کر لی۔لیہ فٹبال لیگ کے مقابلوں کے دوران شائقین کی بڑی تعداد موجود رہی اور فٹبال کے دلچسپ کھیل سے سپورٹس کمپلیکس میں رونقیں بڑھ گئیں۔ لیگ میں ملک بھر سے 31 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جس سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔
لیہ فٹبال لیگ کے تحت روزانہ کی بنیاد پر میچز کھیلے جا رہے ہیں اور مقابلوں کا سلسلہ 25 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے بھی لیگ کے مقابلے دیکھے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امتیاز احمد بھٹی سمیت دیگر متعلقہ شخصیات بھی موجود تھیں۔







