لیہ :ضلع کی تاریخ کے پہلے بڑے سپورٹس ایونٹ لیہ فٹبال لیگ کا ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس میں باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن جاوید بھٹی، رکن پنجاب اسمبلی سمعیہ عطاء شہانی، سابق پارلیمنٹیرینز سید ثقلین شاہ بخاری، صاحبزادہ فیض الحسن سواگ، مہر اعجاز احمد اچلانہ، چوہدری طاہر رندھاوا اور عبدالشکور سواگ،شیخ فیاض، عبد المجید میرانی، اظہر خان ہانس صدر انجمن تاجران، ملک مظفر اقبال دھول سابق صدر انجمن تاجران، چوہدری صفدر اقبال دھول سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، افسران، میڈیا نمائندگان اور فٹبال شائقین نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب میں لیہ فٹبال لیگ میں شریک 31 ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا اور پورے گراؤنڈ کا چکر لگایا۔ اس موقع پر ونر اور رنر اپ ٹیموں کے لیے مختص ٹرافیوں کی رونمائی بھی کی گئی جبکہ معروف گلوکار گلاب اور عمران مانی نے اپنی پرفارمنس سے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت سے سپورٹس کمپلیکس میں خوب رونق رہی۔لیہ فٹبال لیگ میں ملک بھر سے 31 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی اور واپڈا سمیت مختلف اداروں کی ٹیمیں شامل ہیں۔ لیگ کے انعقاد کے لیے پاکستان فٹبال فیڈریشن سے این او سی حاصل کیا گیا ہے جبکہ مقابلے فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔ تقریب کے دوران شرکاء کی سہولت کے لیے پارکنگ اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات بھی کیے گئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ لیہ فٹبال لیگ کا آغاز ضلع میں کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے اور یہ ایونٹ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے، تجربہ حاصل کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع پیدا کرنے اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں لیہ فٹبال لیگ اسی وژن کی عملی تصویر ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور مثبت مقابلے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں لیہ فٹبال لیگ نہ صرف نوجوان نسل کے لیے صحت مند سرگرمیوں کا بہترین پلیٹ فارم ہے بلکہ اس سے ضلع کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوگا کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ مقامی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لیہ فٹبال لیگ کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے اور سالانہ کھیلوں کے کیلنڈر کا حصہ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے ایونٹ کی کامیابی کے لیے منتظمین، متعلقہ محکموں، کھلاڑیوں، مہمانوں اور تمام معاونین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔تقریب میں سیکیورٹی و پارکنگ کے بہترین انتظامات کیے گئے جبکہ فوڈ سٹریٹ کا بھی اہتمام کیا جو کہ لیگ کے آخر تک فعال رہے گی۔








