لیہ: ضلع لیہ کے مزید دو سرکاری سکولوں کو سولر سسٹم پر منتقل کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول لدھانہ اور گورنمنٹ ہائی سکول چک 152 میں سولر سسٹم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم ڈاکٹر محمد قیوم خان موجود تھے۔ گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول لدھانہ میں 20 کے وی جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول چک 152 میں 10 کے وی کا سولر سسٹم نصب کیا گیا ہے اس طرح ضلع لیہ کے 100 سرکاری سکولوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جا چکا ہے، جس کا مقصد تعلیمی اداروں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا اور بجلی کے اخراجات میں کمی لانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے سولر سسٹم کا معائنہ کیا اور سکولوں میں طلبہ و طالبات کو فراہم کی جانے والی تعلیمی و دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہیں سکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب اور تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ پنجاب گرین انشیٹو کے تحت ضلع لیہ کے سرکاری سکولوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے جس سے بجلی کے بلوں میں نمایاں بچت ہوگی اور لوڈشیڈنگ کے باعث تعلیمی سرگرمیوں میں پیدا ہونے والی مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت گرین پنجاب کے فروغ اور سرکاری اداروں میں توانائی کے متبادل ذرائع کے استعمال پر کام جاری ہے سرکاری سکولوں کو معیاری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ جدید سہولیات سے بھی آراستہ کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع لیہ کے طلبہ نے میٹرک کے نتائج میں پرسنٹیج کے حساب سے پنجاب بھر میں چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے جو ضلع کے تعلیمی اداروں، اساتذہ اور طلبہ کی محنت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ سکولوں میں بنیادی اور جدید سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم ڈاکٹر محمد قیوم خان نے کہا کہ سرکاری سکولوں کو معیاری سکول بنانے کے ساتھ ساتھ جدید سہولیات سے منسلک کیا جا رہا ہے، سولر سسٹم کی تنصیب بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ اس موقع پر سکول انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔







