لیہ: جنرل ہسپتال لیہ کی تکمیل کا عمل تیز، فنشنگ اور مشینری کی تنصیب آخری مراحل میں۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے جنرل ہسپتال لیہ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں جاری فنشنگ کام، مشینری کی تنصیب اور دیگر انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، ڈپٹی کنزرویٹر فاریسٹ سجاد حیدر، کمپنی کنٹریکٹر مسٹر لیو اور آئی ڈیپ کے افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے ایمرجنسی، او پی ڈی، آپریشن تھیٹرز، کنسلٹنٹ رومز، فائر اینڈ سیفٹی بلاک، کارڈیک، کیمو تھراپی، پیڈز، گائنی، آرتھو، یورولوجی سمیت مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی و فنشنگ کام کے معیار، مشینری کی تنصیب اور ہسپتال میں جاری دیگر کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جنرل ہسپتال میں فنشنگ کا کام تکمیل کے مراحل میں ہے، جبکہ ضروری مشینری نصب کرکے اس کی ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے۔ ہسپتال میں بیڈز اور فرنیچر کی تنصیب بھی مرحلہ وار شروع کی جا رہی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال کا ایمرجنسی وارڈ 41، گائنی وارڈ 40 جبکہ پیڈز وارڈ 80 بیڈز پر مشتمل ہوگا۔ اسی طرح کیمو تھراپی وارڈ میں 9، سرجری وارڈ میں 56، آئی سی یو میں 10، آرتھو وارڈ میں 22، یورولوجی وارڈ میں 12 جبکہ کارڈیک وارڈ میں 16 بیڈز کی سہولت دستیاب ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے ہدایت کی کہ جنرل ہسپتال کے فنشنگ کام کو مقررہ مدت میں جلد از جلد مکمل کیا جائے اور تعمیراتی و تنصیبی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے ہسپتال میں ڈیپ کلین مہم کے تحت صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کرنے اور ہسپتال کے اطراف مزید شجرکاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔







