لیہ: مینیجر سیف سٹی لیہ عبدالاحد نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مؤثر نگرانی جاری ہے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم کی روک تھام، ملزمان کی نشاندہی اور مقدمات کی تفتیش میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات ممبر پنجاب بار کونسل غضنفر عباس ایڈووکیٹ، احمد زمان کگا ایڈووکیٹ، شیخ جاوید اختر ایڈووکیٹ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار لیہ، عبدالستار علوی ایڈووکیٹ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار لیہ اور محمد شمیم علوی ایڈووکیٹ پر مشتمل وفد کے سیف سٹی آفس لیہ کے معائنہ کے موقع پر بتائی۔تفصیل کے مطابق ممبر پنجاب بار کونسل غضنفر عباس ایڈووکیٹ کی سربراہی میں وفد نے سیف سٹی آفس لیہ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر مینیجر سیف سٹی لیہ عبدالاحد نے سیف سٹی لیہ پراجیکٹ کی کارکردگی، 14 اگست کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سیف سٹی منصوبے کے افتتاح، سیف سٹی لیہ اور ضلعی پولیس کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور کیمروں کے ذریعے نگرانی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے آپریشنل ہونے کے بعد سیف سٹی کے دائرہ کار میں آنے والے علاقوں میں جرائم کی شرح میں تقریباً 90 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی روک تھام، نگرانی اور تفتیش کے عمل، ای ڈی اے سی سسٹم، ویڈیو شواہد اکٹھا کرنے کے طریقہ کار اور مقدمات کی تفتیش و پراسیکیوشن کے دوران ویڈیو شواہد کی قانونی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔مینیجر سیف سٹی لیہ عبدالاحد نے مزید بتایا کہ سیف سٹی اور ضلعی پولیس کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کے باعث جرائم کی روک تھام، ملزمان کی نشاندہی اور مقدمات کی تفتیش میں جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ وفد کے ارکان نے سیف سٹی لیہ اور ضلعی پولیس کی جانب سے عوام کے جان و مال کے تحفظ، سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات اور جرائم کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔







