لیہ : ڈی ایس پی پٹرولنگ ضلع لیہ راؤ عمر فاروق نے گزشتہ ماہ اگست 2026 کی کارکردگی سے متعلق بتایا کہ پٹرولنگ پولیس ضلع لیہ نے عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کے خاتمے اور شاہرات پر امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اور بھرپور اقدامات کیے۔انہوں نے بتایا کہ ماہ اگست 2026 کے دوران اوورلوڈنگ، اوور اسپیڈنگ، اسلحہ، منشیات اور دیگر جرائم کے خلاف مجموعی طور پر 39 مقدمات درج کیے گئے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوران کے خلاف 6235 چالان کیے گئے جبکہ ضلع لیہ میں قائم آٹھ پٹرولنگ پوسٹس کے ذریعے دورانِ سفر 162 شہریوں کو مختلف نوعیت کی مدد فراہم کی گئی، جس سے عوامی اعتماد میں مزید اضافہ ہوا۔ڈی ایس پی راؤ عمر فاروق نے بتایا کہ جدید ای-ایپ کے ذریعے چیکنگ کے دوران 3 اشتہاری اور عدالتی مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیا ایک گمشدہ بچے کو اپنے والدین سے بھی ملوایا گیا،306 بغیر رجسٹریشن اور بغیر قانونی دستاویزات موٹرسائیکلیں قبضے میں لے کر متعلقہ تھانوں میں بند کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور عوام کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ضلع بھر میں 38 عارضی و مستقل تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین، وہیکلز رجسٹریشن اور روڈ یوزرز سے متعلق نئے قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ بغیر لائسنس ڈرائیونگ، اوورلوڈنگ اور اوور اسپیڈنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔آخر میں راؤ عمر فاروق نے کہا کہ پٹرولنگ پولیس کے افسران و جوان عوام الناس کی خدمت اور حفاظت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتے ہوئے دن رات فرائض انجام دے رہے ہیں اور ضلع بھر میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔







