لیہ: ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لیہ کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے ایمرجنسی، مختلف وارڈز، آپریشن تھیٹرز، میڈیسن سٹور اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی، واش رومز اور مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر اور فرائض کی انجام دہی بھی چیک کی جبکہ مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے علاج معالجے، ادویات کی فراہمی اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے مطابق مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی ایس او پیز کے تحت بلا تعطل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ مریضوں کی خدمت اور انہیں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی انسانیت کی خدمت ہے، اس لیے ڈاکٹرز اور طبی عملہ حسن سلوک، احساس ذمہ داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی ستھرائی کے معیار میں مزید بہتری، واش رومز کی باقاعدہ صفائی اور ہسپتال کے ماحول کو صاف ستھرا اور خوشگوار رکھنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر اے ڈی سی محمد اویس سرور، سی ای او سید ڈاکٹر شاہد ریاض اور ایم ایس ڈاکٹر حیات اللہ بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔







