لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں یونیورسٹی آف لیہ میں ووٹ کی اہمیت کے سلسلہ میں آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی سرپرستی ضلعی الیکشن کمشنر لیہ ظفر اقبال خان نے کی۔ انہوں نے نوجوانوں کو ذمہ دارانہ ووٹنگ اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے "عزم کی دیوار” سرگرمی میں شمولیت کرنے کی دعوت دی۔ اس سرگرمی میں طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے ووٹ کے درست استعمال اور قومی مفاد کو ترجیح دینے کا عہد کیا اور حاضرین نے اپنے اقوال اور خطوط کے ذریعے اپنی رائے کا بھی اظہار کیا۔ اس آگاہی سیشن میں شرکت نے نوجوانوں کو آگاہ کیا کہ ووٹ ایک مقدس امانت ہے اور اس کا ذمہ دارانہ استعمال ملک کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔ حاضرین کو باخبر اور فعال شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی آف لیہ کے وائس چانسلر نے ضلعی الیکشن کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔