لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لیہ جزیلہ اسلم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے ہی اہم فیصلے میں بیوی کے قتل میں ملوث ملزم کو سخت سزا سناتے ہوئے عمر قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کا حکم سنا دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد ملزم کے جرم کو ثابت کرتے ہیں۔مقدمہ کے مطابق ملزم محمد محبوب نے دو سال قبل گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی گلشانہ بی بی کو مبینہ طور پر سانس بند کرکے قتل کر دیا تھا۔ مقتولہ کے بھائی نوید حسین کی مدعیت میں تھانہ چوک اعظم میں قتل کا مقدمہ درج ہوا۔ پولیس نے تفتیش مکمل کر کے چالان عدالت میں جمع کرایا۔کیس کی سماعت کے دوران مدعی کی جانب سے ایڈوکیٹ مزمل تھہیم اور سرکاری وکیل غلام مصطفی نے دلائل پیش کیے، جبکہ ملزم کی وکالت ایڈوکیٹ عثمان احمد بزدار نے کی۔ دونوں جانب سے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزم کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔عدالتی فیصلے کے بعد مقتولہ کے ورثاء نے انصاف فراہم ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
