ملتان(لیہ ٹی وی)وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر نگرانی گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت منعقدہ قرعہ اندازی میں کامیاب 9500 کاشتکاروں کوٹریکٹرز کی ڈلیوری کی ڈیڈ لائن 31 مارچ 2025 تک مقرر کر دی گئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے تک کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں منعقدہ گرین ٹریکٹر پروگرام کی ٹائم لائنز کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز کی الاٹمنٹ لیٹرز کی وصولی کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے اور اب ٹریکٹرز کی ڈلیوری کا عمل شروع ہونے والا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ٹریکٹرز ”پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر فراہم کئے جائیں گے۔کاشتکاروں کے لیے یہ بھی سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ گرین ٹریکٹرز کے لیے اپنی رقم بینک آف پنجاب کی کسی بھی برانچ میں جمع کرا سکتے ہیں۔ تاہم، اپنے حصے کی رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 دسمبر 2024 ہے۔ 5 دسمبر تک رقم جمع نہ کرانے والے کاشتکاروں کی الاٹمنٹ منسوخ کی جا سکتی ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نیمزید کہاکہ گرین ٹریکٹرز کی ڈلیوری کا عمل بہت جلد شروع کر دیا جائے گا اور یہ ٹریکٹرز کاشتکاروں کو ان کے قریبی بااختیار ڈیلرز سے فراہم کئے جائیں گے۔ ڈلیوری کے وقت کسی بھی قسم کے اضافی چارجز وصول نہیں کئے جائیں گے۔گرین ٹریکٹرز کی رجسٹریشن کے لئے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے ایک علیحدہ سیریز بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ اس عمل کو مزید آسان اور تیز تر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں اور ڈاکٹر عبدالقیوم کے علاوہ کنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی سمیت دیگرافسران نے شرکت کی۔