ملتان(لیہ ٹی وی)صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ پنجاب حکومت زراعت کے شعبوں میں بیلا روس کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتی ہے۔ اس ضمن میں حکومت پنجاب بیلا روس کے سرمایہ کاروں کو ہیوی ٹریکٹر پلانٹس کی تنصیب کیلئے بھرپور سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا فوکس زراعت ہے اور انھوں نے ٹرانسفارمنگ ایگریکلچر پروگرام کے تحت 400ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے جس کے تحت کسان کارڈ،گرین ٹریکٹر اور سولرایزیشن جیسے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے۔اس میگا پروگرام سے فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہو گا۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے فارم میکانائزیشن کے فروغ کیلئے30 ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جس کے تحت پہلے مرحلہ میں کاشتکاروں کو وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے ذریعے9500ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کئے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے مقامی تیار کردہ ٹریکٹرز اور ہارویسٹرز بین الاقوامی معیار کے مقابلے میں کم کار آمد ہیں جس سے پوسٹ ہارویسٹ نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بیلا روس ایسے جدید ہارویسٹرز کو صوبہ میں متعارف کرائیں جس سے گندم اور چاول دونوں فصلات کی کٹائی کم سے کم نقصانات کے تحت ممکن بنائی جا سکے۔اس کے علاوہ صوبہ میں زرعی میکانائزیشن کیلئے85 ہارس پاور سے زیادہ ٹریکٹرز کی دستیابی کیلئے تعاون درکار ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کرایہ پر جدید زرعی مشینری کی سروسز فراہم کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔ پنجاب حکومت گرین پاکستان انیسئیٹو(GPI) پراجیکٹ کے تحت ملتان، سرگودھا، ساہیوال اوربہاولپور میں ایگری مالز کا قیام عمل میں لا رہی ہے جہاں کاشتکاروں کو ایک ہی چھت تلے معیاری بیج، کھاد اور زرعی ادویات مقرر کردہ نرخوں پر فراہم کی جائے گی۔ان ایگری مالز میں کاشتکاروں کو کرایہ پر جدید زرعی مشینری کی سہولیات بھی دی جائیں گی۔ اس موقع پربیلا روس کے سفیر اینڈری میتالیسیانے کہا کہ بیلا روس پاکستان کی سپشل انوسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل(SIFC)کے ساتھ مل کر پاکستان میں بڑے ٹریکٹرز کی مینوفیکچرنگ کے سلسلے میں کام کرنے کاخواہاں ہے اور اس ضمن میں باہمی گفت و شنید جاری ہے اس ملاقات کے دوران سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اورکنسلٹنٹ محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی بھی ملاقات میں موجود تھے۔