کوٹ ادو(لیہ ٹی وی) سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کوٹ ادو کے مختلف اسکولوں کا دورہ کیا اور اساتذہ کی حاضری، اسکول عمارتیں اور انفراسٹرکچر کا معائنہ کیا،ان سکولوں میں گورنمنٹ بوائز سٹی ہائی اسکول کوٹ ادو، گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری اسکول چک 531 کوٹ ادو، اور گورنمنٹ ہائی اسکول ڈبل شفٹ چک 626 کوٹ ادو شامل ہیں۔ دورے کے دوران، اسپیشل سیکرٹری نے اساتذہ کی حاضری، لیبز، سکول کی عمارتوں اور انفراسٹرکچر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مقامی افسران اور اے ای اوز بھی موجود تھے۔دورے کے دوران، اسپیشل سیکرٹری نے گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری اسکول چک 531 کوٹ ادو میں دو نامکمل کمروں کا نوٹس لیا۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ سے نامکمل کام کے بارے میں دریافت کیا اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) ایجوکیشن کومو قع پر ہی ہدایت دی کہ ٹھیکیدار کو فوری طور پر کام شروع کرنے اور جلد از جلد مکمل کرنے کا کہا جائے، بصورت دیگر اس کو بلیک لسٹ کرنے کی کارروائی فوری شروع کی جائے گی۔