ملتان (لیہ ٹی وی) پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر یوسف ظفر نے ٹیکسٹائل ملز کو خبردار کیا ہے کہ کاٹن سیس کی ادائیگی ایک قانونی تقاضا ہے اور اس کی عدم ادائیگی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاٹن سیس ایکٹ کے تحت ہر ٹیکسٹائل ملز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہر ماہ کی سات تاریخ سے قبل اپنی ماہانہ ریٹرنز جمع کرائے۔ بدقسمتی سے متعدد ملیں اس قانون پر عمل نہیں کر رہی ہیں اور نہ ہی اپنی ماہانہ رپورٹس جمع کروا رہی ہیں، جو کہ واضح خلاف ورزی ہے۔ڈاکٹر یوسف ظفر نے مزید کہا کہ نادہندہ ملز کو قانونی نوٹسز جاری کیے جائیں گے اور قانون کے تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کاٹن سیس کا مقصد ملک میں کپاس کی تحقیق اور ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینا ہے، اور اس سیس کی بروقت وصولی تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، لہٰذا اس صنعت سے وابستہ تمام اداروں کو قانون کی پاسداری کرنی چاہیے۔ ڈاکٹر یوسف ظفر نے زور دیا کہ پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے تحقیقاتی منصوبے تبھی جاری رہ سکتے ہیں جب ملز کاٹن سیس کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں اور حیلے بہانوں سے گریز کریں۔