لاہور(لیہ ٹی وی) رحیم یار خان کے علاقے کچے میں پنجاب پولیس کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں جس میں 63 خطرناک جرائم پیشہ افراد ہلاک اور 45 زخمی ہو گئے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رحیم یار خان پولیس نے کچے کے علاقے میں مستقل طور پر پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ مستقل چوکیاں قائم کی ہیں۔ پنجاب پولیس پوری قوت اور وسیع وسائل کے ساتھ خطے میں موجود ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف تمام ضروری وسائل بشمول لانگ رینج اسلحہ، گاڑیاں اور بلٹ پروف گاڑیاں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔
کچہ میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن مجرمانہ سرگرمیوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پولیس کا اینٹی ہنی ٹریپ سیل عوام کی حفاظت کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔
کچے کے علاقے میں اب تک سرحدی چوکیوں پر چوکسی کے ذریعے 531 شہریوں کو اغوا ہونے سے بچایا جا چکا ہے۔ پولیس ٹیمیں گھناؤنے جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے انٹیلی جنس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشنز جاری رکھیں گی۔