اسلام آباد (لیہ ٹی وی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں سیاسی جماعتوں نے غزہ اور فلسطینیوں کے ساتھ قومی سطح پر یکجہتی کا اظہار کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیز، انہوں نے اسرائیل کے ہاتھوں معصوم فلسطینی مردوں، عورتوں اور بچوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف 7 اکتوبر کو ملک بھر میں "یوم یکجہتی فلسطین” منانے پر اتفاق کیا۔7 اکتوبر کو فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کے لیے ملک گیر اجتماعات اور سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے غزہ اور فلسطین میں بے گناہ لوگوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور اپنے فلسطینی بھائیوں بہنوں کی حمایت کا عزم کیا۔اس معاملے پر بات کرنے کے لیے وزیراعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں یوم یکجہتی فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے کمیٹی بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔کمیٹی میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، شیری رحمان، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہوں گے۔آل پارٹیز کانفرنس میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف شرکت کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے فلسطین اور غزہ میں بے گناہ مسلمانوں پر جاری ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے یوم یکجہتی کشمیر منانے کی بھرپور حمایت کی۔اجلاس میں غزہ اور فلسطین میں بے گناہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی کے موقف کی بھی تعریف کی گئی۔