لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کے لئے ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار خود مانیٹرنگ کے لئے فیلڈ میں متحرک ہو گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس سلسلہ میں گزشتہ روز صفائی کا جائزہ لینے کے لئے محلہ قادر آباد، لیہ مائنر پل، محلہ منظور آباد، انگڑے والا پل، خان دی ہٹی اور شہر کے دیگر حصوں کا دورہ کیا اور صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب مہم ضلع بھر یکساں کامیاب بنایا جائے اور اس سلسلہ میں شہر اور گاؤں کی تفریق ختم کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکموں کو ضروری سامان اور مشینری میسر ہے جسے بروئے کار لاتے ہوئے اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لیہ اور کروڑ تحصیل کو آؤٹ سورس کرنے سے قبل مثالی صفائی کا معیار مقرر کیا جائے تاکہ عوام کا اداروں پر اعتماد بحال ہو۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ تجاوزات اور وال چاکنگ کوختم کیاجائے اور اس سلسلہ میں کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مین ہولز کور ترجیحی بنیادوں پر لگائے جائیں تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ ڈپٹی کمشنر نے آوارہ کتوں کی تلفی کے لئے مہم مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔