اسلام آباد (لیہ ٹی وی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف نازیبا اور توہین آمیز زبان استعمال کرنے اور کارروائی میں خلل ڈالنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیٹر فلک ناز کی رکنیت دو دن کے لیے معطل کر دی۔ اس سے قبل سینیٹر فیصل واوڈا نے اپنی تقریر میں صحافی ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے پی ٹی آئی کے بانی پر الزامات عائد کیے تھے۔سینیٹر فلک ناز نے جواب میں سینیٹر واوڈا کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی، اور بعد میں نے چیئر پر زور دیا کہ وہ ان کے نامناسب ریمارکس اور طرز عمل پر انہیں معطل کر دیں۔قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے سینیٹر فلک ناز کو منانے کی ناکام کوشش کی جو بار بار کارروائی میں رکاوٹ ڈال رہی تھیں۔اس کے بعد چیئرمین گیلانی نے سینیٹر فلک ناز سے مسئلہ حل کرنے کے لیے معافی مانگنے کو کہا لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔بعد ازاں ایوان کی کارروائی جمعرات (12 ستمبر) کو سہ پہر 3 بجے دوبارہ ملتوی کر دی گئی۔