لاہور (لیہ ٹی وی)یوم دفاع پاکستان کے موقع پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 1965 کی جنگ میں ہماری مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں شہداء کی قربانیوں کا احترام کرنے اور ملکی استحکام کے لیے ان کے نقش قدم پر چلنے کا عہد کرنے کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مذہبی اقلیتیں ملک کی خودمختاری اور دفاع کے تحفظ میں ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی رہی ہیں۔ ملک کی مسلح افواج میں اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی قابل ذکر شراکتیں ثابت کرتی ہیں کہ پاکستان میں تمام قومیں اور کمیونٹیز ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرتی ہیں۔رمیش اروڑہ نے مزید کہا کہ یوم دفاع ایک یاد دہانی کا کام کرتا ہے کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ ملک کے دفاع کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کے درمیان اتحاد اور یکجہتی ہی ہماری اصل طاقت ہے۔اس موقع پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو ہمیشہ سلامت اور مستحکم رکھے اور شہداء کے درجات بلند فرمائے۔