لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وڑن کے مطابق ضلع لیہ میں عوام کو علاج معالجے کی سہولیات گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ ضلع میں کلینک آن وہیلز پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور کلینک آن وہیلز پروگرام کے شیڈول کے مطابق ہیلتھ کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔ یہ بات ڈاکٹر مزمل کریم نے ہیلتھ کیمپ کے معائنہ کے موقع پر بتائی۔ ڈاکٹر مزمل کریم نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی ہدایت پر ہیلتھ کیمپ کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور عوام کو فراہم کی جانے والی صحت سہولیات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محلہ عید گاہ اور چانڈیہ میں لگنے والے ہیلتھ کیمپس سے اب تک 105 مریض اپنا چیک اپ اور علاج معالجہ کے لئے رجوع کر چکے ہیں۔ اس دوران ڈیوٹی ڈاکٹر، سٹاف اور ادویات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔