لیہ24اگست (لیہ ٹی وی )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمدشاہد ملک کی زیرصدارت چہلم امام حسین کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی و بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میںڈی ایس پی عمران خورشید،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر راشد عباس،ممبران امن کمیٹی سید محمدغوث گیلانی،مخدوم علمدارحسین شاہ،محمود احمدعثمانی،ذوالفقارعلی،قاری فدالرحمان ،شیخ محمدکاشف،سجاد حسین زیدی،قاری محمدطارق،قاری محمداشرف،طلحہ زبیراحمد،اظہرہانس،قاری محمدرمضان،عبدالروف،شیخ مہتاب الہی،سیدمحمدثقلین،رانا اعجازسہیل،سید الطاف حسین شاہ،مہرمحمداقبال سمراءومتعلقہ افسران موجودتھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمدشاہد ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سابقہ روایات کی طرح چہلم امام حسین پر ضلع کا مثالی امن ہر صورت برقرار رکھتے ہوئے پر امن انعقاد کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ کسی کو امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ممبران امن کمیٹی کا امن کے قیام میں مثالی کردار رہا ہے امن، محبت، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاءکو مل کر پروان چڑھائیں گے۔ڈی ایس پی عمران خورشید نے کہاکہ ضلع پولیس اپنے فرائض مستعدی سے انجام دے رہی ہے چہلم امام حسین علیہ السلام کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔ ا نہوں نے کہاکہ شر پسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گاسیکورٹی اور ٹریفک پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ممبران امن کمیٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہم مسلک نہیں امن کے داعی ہیں ملک، ضلع اور شہر کے امن کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اجلاس کے آخر میں ممبرامن کمیٹی مرحوم قاری کفایت اللہ ،رحیم یارخان میں شہداءپولیس اور ملکی و قومی سلامتی کے لئے دعاکی گئی