رحیم یار خان 24 اگست (لیہ ٹی وی)ماچھکا میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ صادق شہید پولیس لائنز رحیم یار خان میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ پولیس و عسکری حکام، پولیس اہلکاروں، عوام اور شہداء کے لواحقین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔گزشتہ رات ماچھکا کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 8 زخمی ہو گئے تھے۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں میں سے تین کا تعلق ہندو برادری سے تھا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نماز جنازہ کے بعد شہداء کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔ شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں تدفین کے دوران مکمل اعزازات سے نوازا جائے گا۔محسن نقوی نے شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں زیر علاج پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت پنجاب حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ محسن نقوی نے پولیس اہلکاروں کی شہادت کو پاکستان کے لیے سانحہ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کو مثال بنایا جائے گا اور قانون کے تحت سخت ترین سزا دی جائے گی۔وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ شہداء کو اعلیٰ اعزازات سے نوازنے کی سفارشات کی جائیں گی۔