کراچی(لیہ ٹی وی)بزرگ سیاستدان اور پاکستان کے سابق سپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو طویل علالت کے بعد بدھ کی رات یہاں انتقال کر گئے۔ وہ 98 سال کے تھے۔
ان کے پوتے مولا بخش سومرو نے فیس بک پوسٹ میں کہا کہ بزرگ سیاستدان کی نماز جنازہ جمعرات کو کراچی میں ادا کی جائے گی۔
پاکستان مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے سومرو اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے دوسرے دور حکومت میں 1997 سے 1999 تک قومی اسمبلی کے 16ویں سپیکر بھی منتخب ہوئے۔
وہ سندھ سے متعدد بار ایم این اے منتخب ہونے کے بعد پچھلی حکومتوں میں کئی وزارتی عہدوں پر بھی فائز رہے۔
الٰہی بخش سومرو 15 مئی 1926 کو جیکب آباد میں پیدا ہوئے اور سیاست میں حصہ لینے سے پہلے پیشے کے اعتبار سے انجینئر تھے۔ ان کا تعلق شکار پیر جیکب آباد اضلاع کے بااثر سیاسی خاندان سے تھا۔
دریں اثنا، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بزرگ سیاستدان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔