بہاولپور (لیہ ٹی وی ) 20ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کا جائز ہ اجلاس کمشنر بہاولپور ڈویژن نادر چٹھہ کی زیر صدارت ہوا، 4 فروری سے 9 فروری 2025 کوہونے والی چولستان ڈیزرٹ ریلی کو ایک بین الاقوامی ایونٹ بنانے پر گفتگو کی گئی ۔اجلاس میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ، سابق سینیٹر سعود مجید، فور بائی فور کلب کے صدر محمود مجید، منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی طارق محمود بخاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو امیر تیمور، منیجر ٹی ڈی سی پی حیدر خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ رضا شاہ، اسسٹنٹ کمشنر یزمان ڈاکٹر رضوان اشرف، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور ایسٹ عثمان امین، ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی نعمان اکرام، اسسٹنٹ کمشنر جنرل اختر ملک، اور دیگر حکام جبکہ ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔نادر چٹھہ نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی ایک بین الاقوامی ایونٹ ہے۔ اس ایونٹ کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے جن میں ڈرٹ بائیک ریس، کواڈ بائیک ریس، اور ٹرک ریس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی میں خواتین ریسرز کی شرکت حوصلہ افزا ہے کیونکہ اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام محکمے بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں۔نجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے ریمارکس دیئے کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔ بین الاقوامی موٹر اسپورٹس ایونٹ پاکستان اور دیگر ممالک کے ریسرز کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، جس سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر خطے کی ثقافت کو نمایاں کرنے میں مدد ملتی ہے۔ فور بائی فور کلب کے صدر چوہدری محمود مجید نے اس بات پر زور دیا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی میں شریک بین الاقوامی ڈرائیورز کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن نے ہدایت کی کہ ریلی کے شائقین کے لیے کیمپنگ، ٹرانسپورٹیشن اور ریلی ٹریک کے تمام ممکنہ انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔