ملتان:چئیرمین سینٹ مخدوم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں تعمیرو ترقی کے سفر کو تیز کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے تاکہ انہیں معینہ مدت کے اندر مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نےکہا کہ پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری لا کر اور بروقت مسائل حل کرکے ہی عوام کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملتان میں جن سرکاری اداروں کے افسران ٹرانسفر ہوگئے ہیں وہاں مستقل افسران تعینات کرنے کے لئے حکومت پنجاب کو سفارشات ارسال کی جائیں۔یہ بات انہوں نے سرکٹ ہاوس ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ممبر قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی اور سابق ایم پی اے سید مجتبیٰ گیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چئیرمین سینٹ نے کہا کہ مزارات کی سیکیورٹی کے منظم انتظامات کئے جائیں اور قلعہ کہنہ قاسم باغ اور فصیل کے ساتھ واقع تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے تاکہ سڑکیں کشادہ ہو سکیں اور ٹریفک کی روانی میں بہتری آسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی وزارت عظمیٰ کے دور میں فصیل کے ساتھ واقع دوکانداروں کو متبال دکانیں فراہم کرنے کے لئے شاہین مارکیٹ اور گھنٹہ گھر میں پلازے تعمیر کئے گئے لیکن پلازوں کی تعمیر کے باوجود اس منصوبے پر صحیح طریقے سے عمل نہیں کیا جاسکا۔ چئیرمین سینٹ نے بتایا کہ ان کی سفارش پر اٹلی کی حکومت نے تاریخی قلعے اور فصیل کو اصل حالت میں بحال کرنے اور محفوظ بنانے کے لئے 10ملین ڈالر کے فنڈز فراہم کئے تھے لیکن یہ فنڈز بھی مکمل طور خرچ نہیں کئے جاسکے جس پر کام تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر انہیں جنوبی پنجاب میں جاری منصوبے بارے بریفنگ دی اور نئے اقدامات بارے آگاہ کیا