نیویارک(لیہ ٹی وی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور عالمی امور سمیت متعدد موضوعات زیر بحث آئے۔وزیراعظم نے محترمہ ارسلا کو یورپی کمیشن کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور یورپی یونین کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔وزیراعظم نے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے میں مسلسل بات چیت اور تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔جی ایس پی پلس اسکیم پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے جی ایس پی پلس سے متعلق بین الاقوامی کنونشنز کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لیے مستقل سیاسی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔وزیر اعظم اور یورپی یونین کے صدر کے درمیان یہ تبادلہ باہمی مفادات کے امور پر عالمی سطح پر فعال روابط اور تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کو واضح کرتا ہے۔