لیہ( نمائندہ لیہ ٹی وی) یوم دفاع 6 ستمبر کے سلسلہ میں ایک تقریب گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کینال کالونی میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم شوکت علی شیروانی، افسران تعلیم، اساتذہ اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے کیا گیا۔ طلباء و طالبات نے اس موقع پر یوم دفاع کے موضوع پر تقاریر، ملی نغمے اور خاکے پیش کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا
کہ آج کا دن یوم تجدید وفا کا دن ہے جب ہماری بہادر افواج نے وطن عزیز کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پوری قوم شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی مقروض ہے اور یہ عہد کرتی ہے کہ وطن کے دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم شوکت علی شیروانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا
کہ آج کے دن قوم اور مسلح افواج نے دشمن کی عددی برتری کے باوجود منہ توڑ جواب دیا اور وطن کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر وطن کے دفاع اور ترقی کے لئے قوم کو متحد ہو کر نسل نو کو تعلیم کے ہتھیار اور ملک سے تجدید عہد وفا کا عزم دہرانا ہوگا۔ قبل ازیں گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول میں بھی یوم دفاع کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان نے اس موقع پر سپیشل بچوں میں نئی یونیفارم بھی تقسیم کیں