لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) 20 مئی سے پہلے کاشت کی گئی دھان کی پنیری یا فصل تلف کر دی جائے گی۔ یہ بات اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع لیہ محمد طلحہ نے کپاس کی زیادہ کاشت کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے بارشوں کی کمی، پانی کی قلت، خشک سالی کی ہنگامی صورتحال اور ڈیموں میں پانی نہ ھونے کے پیش نظر 20 مئی سے پہلے دھان کی پنیری یا فصل کی کاشت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پچھلے سال زیادہ گرمی اور بارشوں کی وجہ سے کاشتکاروں کو کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ انہوں نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ رقبے پر اگیتی کپاس کی کاشت کریں، اس سے نہ صرف پانی کی بچت ھوگی بلکہ زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر مقامی زمیندار فرحان کھرل اور ترقی پسند کاشتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی