
سپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی سرفراز احمد نے کہا ہے کہ قائد کے اعظم کے رہنما اصول اتحاد،ایمان اور تنظیم ملک خداداد کی اساس ہیں، پاکستان ہمارے آباء واجداد کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔77 ویں یوم آزادی پر تمام پاکستانیوں کو تجدید عہد کرنا ہو گا کہ سب سے پہلے پاکستان کو ترجیح دیں گے تاکہ وطن عزیز دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے۔ یوم آزادی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کے مستقبل کی امین ہے۔لازوال قربانیوں سے حاصل کردہ پاکستان کی سلامتی اور بقا کی ذمہ داری ہمارے نوجوانوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب نے مل کر اس کو سنوارنے اور نکھارنے میں اپنی توانائیاں صرف کرنی ہیں۔سپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب سرفراز احمد نے طلباء و طالبات کو تعمیر وطن کے لیے اپنی صلاحیتوں، کاوشوں، جہدمسلسل اور عمل پیہم سے کام کرنے کی تلقین کی۔