ملتان(نمائندہ لیہ ٹی وی) کپاس کے کاشتکاروں کے لیے زمین کی درست تیاری ایک کامیاب فصل کی بنیاد ہے۔ سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ، ملتان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کاشتکاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت سے پہلے کھیت کو ہموار کرنے کے لیے لیزر لینڈ لیولر کا استعمال کریں۔ اس جدید طریقے سے زمین کی ہمواری ممکن ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں پانی اور کھاد کی 15سے 20 فیصد تک بچت ہوتی ہے اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہوتا ہے۔ ڈاکٹر نوید افضل نے مزید کہا کہ ہموار زمین میں پانی یکساں طور پر پھیلتا ہے، جس سے کپاس کے تمام پودوں کو برابر مقدار میں پانی ملتا ہے اور فصل کی متوازن نشوونما ممکن ہوتی ہے۔ اس کے برعکس، ناہموار زمین میں پانی کھڑا رہنے سے کپاس کی فصل بیماریوں کا شکار ہوسکتی ہے، جس سے پیداوار متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی بہتر پیداوار کے لیے میرا اور زرخیز زمین موزوں ہے، جو پانی زیادہ جذب کرنے اور وتر کو دیر تک برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ جبکہ کلراٹھی، سیم زدہ، ریتلی اور چکنی زمین کپاس کی کاشت کے لیے غیر موزوں سمجھی جاتی ہے۔ تاہم، زرعی ماہرین کے مشورے سے ایسی زمینوں پر پٹڑیوں کے ذریعے کپاس کی کامیاب کاشت ممکن ہے۔ ڈاکٹر نوید افضل کا کہنا تھا کہ کاشتکار حضرات فصل کی زیادہ پیداوار کے لیے زمین کی تیاری کے اس ابتدائی مرحلے پر خصوصی توجہ دیں اور جدید زرعی طریقے اپنائیں تاکہ کپاس کی فصل صحت مند، بیماریوں سے محفوظ اور زیادہ منافع بخش ہو۔