ملتان (لیہ ٹی وی)سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ، ملتان نے نائب صدر پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی ڈاکٹر یوسف ظفر کی خصوصی ہدایات پر کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی پر ایک روزہ ریفریشر کورس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے، جو 24 فروری 2025 بروز سوموارکو ادارہ ہذاکے سیمینار ہال میں ہوگا۔ یہ ریفریشر کورس وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کی ان کاوشوں کو حصہ ہے جو ملک میں کپاس کی بحالی سے متعلق مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔نائب صدر پی سی سی سی ڈاکٹر یوسف ظفر کا کہنا تھا کہ سی سی آر آئی ملتان ہرسال کپاس کے نئے سیزن کے آغاز سے پہلے پرائیویٹ سیکٹر خاص طور پر پیسٹی سائید، سیڈ وفرٹیلائزرانڈسٹری کے فیلڈ اسٹاف اور کپاس کی ترقی میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں (NGOs) اور دیگرزکے لیے ریفریشر کورس کا اہتمام کرتا ہے۔یہ کورس کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے مختلف پہلوؤں کا جامع احاطہ کرے گا۔ جس میں فصل کی بہتر نشوونما کے لیے ایگرانومی، مٹی کی زرخیزی اور غذائی اجزاء کے مؤثر انتظام پر بات کی جائے گی۔ شرکاء کو زیادہ پیداوار دینے والی اقسام کی پیداواری تکنیک، کپاس کی بیماریوں کی شناخت اور ان کے مؤثر انتظام، اور کیڑوں کے کنٹرول کے جدید طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ مزید برآں، روئی کی خصوصیات اور فائبر کی جانچ کے معیارات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی تاکہ کپاس کی مجموعی پیداوار اور معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ سی سی آر آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کہا کہ یہ ریفریشرکورس کپاس کی پیداوار میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کا حصہ ہے، جس سے زرعی ماہرین اور فیلڈ اسٹاف کو جدید تحقیق اور ٹیکنالوجیز سے روشناس کرایا جائے گا۔ کورس میں شرکت کے لیے نامزدگیاں 21 فروری 2025 تک جمع کرائی جا سکتی ہیں جس کے لئے ادارہ ہذا کے نامزد فوکل پرسنز وسائٹنفک آفیسرزجنید خان ڈاہا اور الیاس سرور سے رابطہ کیا جاسکتا ہے.