ملتان (لیہ ٹی وی)محکمہ زراعت پنجاب اور نجی کھاد کمپنی کے باہمی اشتراک سے آج ملتان میں کپاس کی اگیتی کاشت بارے میگا سیمینارکا انعقاد ہوا۔ سیمینار میں ممبران صوبائی اسمبلی رانا محمد سلیم، ملک لال محمد جوئیہ، سابق ایم پی اے رانا اعجاز احمد نون نے شرکت کی۔سیمینار میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔سیمینار میں 2ہزار سے زائد کاشتکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سمینیار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ کپاس ملکی معیشت میں کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ اس سال کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے 10لاکھ ایکڑ رقبہ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلیے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔کپاس کی اگیتی کاشت کے کل ہدف کا قریباً 40فیصد ملتان ڈویژن میں کاشت ہوگا۔ کپاس کی اگیتی کاشت کا آج سے آغاز ہوچکا ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کپاس کی اگیتی کاشت کرنے والے کسانوں کیلئے25ہزار روپے مالی اعانت کا فیصلہ کیا گیا ہےکپاس کی کلائمیٹ سمارٹ اقسام کی دریافت کیلئے زرعی سائنسدانوں کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے۔ زرعی ماہرین کو کم از کم 40 من فی ایکڑ پھٹی کی پیداوار والی اقسام دریافت کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیاری زرعی مداخل کی سستے داموں دستیابی یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔کپاس کی اگیتی کاشت کے ہدف کا حصول یقینی بنانے کیلیے تمام سٹیک ہولڈرز کو عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ کپاس کی اچھی پیداواری صلاحیت کے بیجوں کی مارکیٹوں میں دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔کپاس کی آگاہی مہم میں نجی شعبہ کا تعاون قابل ستائش ہے۔ کپاس کے ہدف کے حصول کیلئے کاشتکاروں کا بھرپور تعاون ضروری ہے۔ سیمینار میں ڈائریکٹر جنرلز زراعت عبدالحمید،نوید عصمت کاہلوں،ڈاکٹر عامر رسول ،کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی،ڈاکٹر آصف علی، صدر کسان اتحاد خالد کھوکھراور مینجر ایف اے ایس ڈاکٹر سعید اقبال سمیت کاشتکاروں کی کثیر تعداد میں شرکت کی