لیہ (لیہ ٹی وی ) ڈی پی او لیہ محمد علی وسیم نے تھانہ چوبارہ اور پولیس خدمت کاؤنٹر چوبارہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حوالات، فرنٹ ڈیسک، محرر دفتر، تفتیشی رومز اور دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈی پی او نے فرنٹ ڈیسک سٹاف سے ریکارڈ کے حوالے سے دریافت کیا اور اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس افسران کو انسداد جرائم کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی پر زور دیا۔ پولیس خدمت کاؤنٹر کے وزٹ کے دوران انہوں نے وہاں موجود سٹاف سے درپیش مسائل دریافت کیے اور فراہم کی جانے والی سروسز کا جائزہ لیا۔ ڈی ایس پی چوبارہ محبوب احمد اور دیگر افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔