لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈی پی او محمد علی وسیم نے تھانہ کوٹ سلطان کے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، جس کا مقصد براہ راست شہریوں کے مسائل سننا اور فوری حل فراہم کرنا تھا۔ یونین کونسل سریشتہ تھل، بستی جیسل، اڈا کھرل عظیم، دنبہ بند کوٹ ادو روڈ، اور اڈا پہاڑ پور جیسے مقامات پر شہریوں کی شکایات کو سماعت کیا گیا۔ڈی پی او نے کھلی کچہریوں کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انعقاد کا مقصد عام آدمی کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے شہریوں کی جانب سے پیش کردہ درخواستوں کا بغور جائزہ لیا اور متعلقہ پولیس افسران کو احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ڈی ایس پی صدر عمران خورشید سمیت دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ کھلی کچہریوں میں سیاسی و سماجی شخصیات اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔بعد ازاں، ڈی پی او محمد علی وسیم نے پولیس خدمت کاؤنٹر کوٹ سلطان کا دورہ کیا۔ انہوں نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور تعینات سٹاف سے خدمات کے اجراء کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈی پی او نے ہدایت کی کہ شہریوں کو بنا انتظار پولیس سروسز فراہم کی جائیں اور عملے کو خوش اخلاقی سے پیش آنے کی تاکید کی۔ڈی پی او لیہ کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے پولیس اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہی ہے۔