لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈی پی او لیہ محمد علی وسیم نے پولیس خدمت مرکز کمپلیکس کا دورہ کیا اور تحفظ مرکز، میثاق سنٹر، اور خدمت مرکز میں فراہم کی جانے والی پولیس سروسز کے اجراء کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈی پی او نے مرکز میں موجود شہریوں سے ان کے مسائل اور پولیس اہلکاروں کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈی پی او نے تعینات عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ شہریوں کو بغیر انتظار کے مطلوبہ خدمات فراہم کی جائیں اور مرکز آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی کا مظاہرہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں اور خواتین کو خدمات کی فراہمی میں ترجیح دی جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس خدمت مرکز کو شہریوں کے لیے سہولت بخش بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔