لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کہا ہے کہ ضلع لیہ کو خوبصورت بنانے اور عوام کو ہائوسنگ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ ضلع میں صرف رجسٹرڈ ہائوسنگ سکیم کے مالکان کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ بلڈرز ہاو¿سنگ سکیموں کی رجسٹریشن لازمی کروائیں۔ غیر رجسٹرڈ کالونیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات کمیٹی روم میں مقامی بلڈرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کامران جاویداور مقامی بلڈرز موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں نئی سکیموں کو ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کی سفارشات سے ہم آہنگ ہونا چاہئے تاکہ مکینوں کو صحت، تعلیم، کھیل، سیوریج اور پینے کے صاف پانی کی موزوں سہولیات میسر ہوں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پٹرول پمپ اور ہاو¿سنگ سوسائٹیز مالکان حکومت پنجاب کے ایس او پیز پر عملدرآمد کریں تاکہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس سلسلہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو فوکل پرسن نامزد کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے بہتر کوآرڈینیشن کے ذریعے رجسٹریشن عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔