لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کا لیہ مائنر کی اطراف میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اور واکنگ ٹریک پر صفائی کے ناقص انتظامات کی عوامی شکایات پر سخت نوٹس۔ ڈپٹی کمشنر کا میونسپل کمیٹی حکام کو لیہ مائنر کی اطراف میں فوری صفائی ستھرائی کرنے، کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے احکامات جاری کر دئے۔ اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر نے لیہ مائنر کا معائنہ کیا اور جاری صفائی ستھرائی عمل کا جائزہ لیا۔ اے ڈی سی جی نے میونسپل حکام اور سینٹری ورکرز کو ہدایت کی کہ صفائی کا عمل فی الفور مکمل کیا جائے اور کوڑا کرکٹ کو مخصوص لینڈ فل سائٹس پر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لیہ مائنر کی صفائی کے لئے ٹیم مخصوص کی جائے جو روزانہ کی بنیاد پر صفائی کا عمل جاری رکھے۔ اے ڈی سی جی نے کہا کہ لیہ مائنر اور ملحقہ علاقے شہر کا وسط شمار ہوتے ہیں اور اس کی صفائی کی مانیٹرنگ وہ خود کریں گے اور شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام، سینٹری ورکر کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کی جائے گی۔