لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کا ترقیاتی منصوبے میں ناقص میٹریل کے استعمال کا عوامی شکایات پر نوٹس۔ متعلقہ محکموں کو سڑک کی تعمیر میں کوالٹی میٹریل استعمال کرنے کی ہدایت۔ متعلقہ محکمہ اور کنٹریکٹر کو 7 یوم میں نقص دور کر کے رپورٹ جمع کروانے کے بھی احکامات جاری کر دئے۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے عوامی شکایات پر نواں کوٹ تا چوبارہ زیر تعمیر سڑک کا معائنہ کیا اور کوالٹی کا جائزہ لیا۔ ایکسیئن ہائی وے طاہر عزیز نے اس موقع پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کامران جاوید اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعمیراتی منصوبوں میں کوالٹی کا خاص خیال رکھا جائے اس سلسلہ میں سستی اور غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے عوام کی امانت ہیں ان کی کوالٹی میٹریل کے ساتھ بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ہائی وے اور کنٹریکٹر کو زیر تعمیر سڑک کے منصوبے میں کوالٹی میٹریل استعمال کرنے اور 7 یوم میں نقص دور کر کے رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی۔دریں اثناءڈپٹی کمشنر نے بنیادی مرکز صحت نواں کوٹ کا بھی دورہ کیا اور ریومپنگ کے کام کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔