لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈسٹرکٹ بار لیہ کے انتخابات پر تنازع، پنجاب بار کونسل میں چیلنج ،چیئرمین الیکشن بورڈ کی3جنوری کو ریکارڈ سمیت طلبی،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لیہ کے انتخابات کو ایڈووکیٹ اشرف اسلم دستی نے پنجاب بار کونسل میں چیلنج کرتے ہوئے کئی قانونی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹینڈر ووٹ غیر قانونی ہے کیونکہ پنجاب بار کونسل کے قوانین میں اس کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹینڈر ووٹ کے تحت انتخابات دو دن (10 اور 11 جنوری) میں کروانا غیر آئینی ہے، جبکہ پنجاب بھر میں 11 جنوری کو انتخابات کے انعقاد کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے۔درخواست میں امیدواروں پر بھاری فیس عائد کرنے کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔ صدر کے لیے ایک لاکھ روپے، جنرل سیکرٹری اور نائب صدر کے لیے 50 ہزار روپے، جبکہ دیگر عہدوں کے لیے 25 ہزار اور ایگزیکٹو ممبران کے لیے 10 ہزار روپے فیس وصول کی جا رہی ہے، جو قوانین کے خلاف ہے۔مزید برآں، الیکشن بورڈ میں سابق ادوار کے دو صدور کو شامل نہ کرنے پر بھی اعتراض کیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ ایڈووکیٹ سید غضنفر عباس بخاری اور ایڈووکیٹ شیخ جاوید اختر کو الیکشن بورڈ کا حصہ بنایا جائے، فیس ختم کی جائے، اور انتخابات صرف ایک روز میں منعقد کیے جائیں۔پنجاب بار کونسل نے درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین الیکشن بورڈ ایڈووکیٹ شیخ ذوالفقار کو 3 جنوری کو ریکارڈ سمیت لاہور طلب کر لیا ہے۔ انتخابات 11 جنوری کو طے شدہ ہیں، جن کی نگرانی الیکشن بورڈ کے چیئرمین ایڈووکیٹ شیخ ذوالفقار اور وائس چیئرمین احمد نواز خان سیہڑ کریں گے۔یہ تنازعہ ڈسٹرکٹ بار لیہ کے انتخابات کے عمل پر قانونی اور آئینی سوالات اٹھا رہا ہے، جس کا حتمی فیصلہ پنجاب بار کونسل کرے گی۔