اسلام آباد (لیہ ٹی وی) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی ریٹائرمنٹ میں صرف ایک روز باقی رہ گیا ہے، لیکن وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان تاحال مشاورتی عمل شروع نہیں ہو سکا۔
قواعد کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجیں گے، جہاں اتفاق یا اختلاف کی صورت میں فیصلہ کمیٹی کے ذریعے ہوگا۔ اگر دونوں رہنما کسی ایک نام پر متفق نہ ہو سکیں تو تین تین نام کمیٹی کو پیش کیے جائیں گے، جو بالآخر نئے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کا فیصلہ کرے گی۔
قانون کے مطابق نئے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کا عمل 45 دنوں کے اندر مکمل کیا جانا ضروری ہے۔ تاہم، مشاورتی عمل کی تاخیر پر خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ یہ اہم آئینی عمل مزید پیچیدگی کا شکار نہ ہو جائے۔