اسلام آباد(لیہ ٹی وی)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر تحریری جواب دے گی۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت ڈائیلاگ کے بغیر نہیں چل سکتی۔ حکومت اور اپوزیشن کو مسائل کے حل کے لیے بات چیت کرنی چاہیے کیونکہ جمہوریت ڈیڈلاک سے نہیں بلکہ مکالمے سے آگے بڑھتی ہے۔رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بتایا گیا ہے کہ چارٹر آف ڈیمانڈ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی بات ہے تو پہلے حکومتی موقف سن لیں۔ ان کے مطابق، پی ٹی آئی کمیٹی نے حکومتی کمیٹی سے مزید ہدایات لینے کے لیے بانی پی ٹی آئی سے مشورہ کرنے کا کہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سب کمیٹی پی ٹی آئی کے مطالبات کا جائزہ لے رہی ہے اور ان مطالبات پر تحریری جواب تیار کرے گی، جو آئندہ مذاکرات میں پیش کیا جائے گا۔اس دوران صحافی کے سوال پر کہ اگر سات روز میں جوڈیشل کمیشن نہ بنایا گیا تو مذاکرات ختم ہو سکتے ہیں، رانا ثناء نے کہا کہ حکومت اپنے جواب میں یہ وضاحت کرے گی کہ جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے گا یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے فیصلے پر عمل کرے، لیکن حکومت تحریری طور پر جواب دینے کو ترجیح دے گی۔