ہری پو(لیہ ٹی وی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکراتی نشست میں شرکت نہیں کریں گے۔ انہوں نے مذاکرات میں شامل نہ ہونے کی وجہ 9 مئی اور 26 نومبر پر کمیشن کا قیام نہ ہونا قرار دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے واضح کیا کہ علی امین گنڈاپور کی تبدیلی کی خبریں محض افواہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے دوران ایم این اے صاحبزادہ حامد رضا کے مدرسے پر چھاپا مارا گیا، جس سے مذاکراتی ماحول خراب ہوا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات میں شرکت نہیں کی، لیکن مذاکراتی کمیٹی برقرار رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی سے رابطہ کیا گیا، تاہم انہوں نے اپنی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے۔ ایاز صادق نے کہا کہ مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں جس سے آگے بڑھا جا سکتا ہے۔
سیاسی مذاکرات کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تنازعات اور شکوک و شبہات موجود ہیں۔ مذاکراتی عمل کی بحالی اور مسائل کے حل کے لیے سیاسی رہنماؤں کی حکمتِ عملی پر مزید پیش رفت کا انتظار کیا جا رہا ہے۔