اسلام آباد (لیہ ٹی وی) حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے یکطرفہ طور پر مذاکرات ختم کر کے حیران کن فیصلہ کیا ہے۔
عرفان صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ مذاکرات کی گنجائش ختم ہو چکی ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے بھی مذاکرات کے حوالے سے ایبسولیٹلی ناٹ کا مؤقف اختیار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات ختم کرنا نہ صرف کمیٹی بلکہ خود پی ٹی آئی کے لیے بھی حیرت کا باعث ہے۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی 28 جنوری تک کسی قسم کا جواب نہیں دے سکتی اور طے شدہ اعلامیے کے مطابق 7 دن سے قبل نہ کوئی جواب دیا جائے گا اور نہ کمیشن پر کوئی اعلان ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مذاکراتی نشست میں ہی کمیشن پر جواب دیا جائے گا، ہم نہ دھمکیوں سے متاثر ہوں گے اور نہ بائیکاٹ کے دباؤ میں آئیں گے۔ عرفان صدیقی نے مزید کہا کہ ہم تماشہ بننے کو تیار نہیں اور 28 تاریخ کو اجلاس کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔