اسلام آباد(لیہ ٹی وی)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے پیکا ایکٹ 2016 میں مجوزہ ترامیم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے آئین کی روح کے خلاف اور غیر ضروری قرار دیا ہے۔
پی ایف یو جے کے بیان کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کی جانب سے پیش کی گئی ترامیم دھوکا دہی پر مبنی ہیں اور آزادیٔ صحافت کے اصولوں کے منافی ہیں۔
ترمیمی بل میں فیک نیوز پر تین سال قید اور بیس لاکھ روپے جرمانے کی تجویز دی گئی ہے، جسے قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔
صحافی تنظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ ترمیمی بل فوری طور پر واپس لیا جائے اور اس کا مسودہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا جائے۔
پی ایف یو جے نے خبردار کیا ہے کہ اگر ترامیم واپس نہ لی گئیں تو صحافی برادری ملک گیر احتجاج پر مجبور ہو جائے گی۔ تنظیم نے صحافت کی آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔