لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کہا ہے کہ پنجاب سوشو اکنامک رجسٹریشن میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے سینٹرز کی مانیٹرنگ کی جائے۔ رجسٹریشن میں اقرباءپروری، بے ضابطگی اور بدعنوانی پر فوری محکمانہ کارروائی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پی ایس ای آر کی رجسٹریشن کرنے والے پرائیوٹ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایات پی ایس ای آر، ستھرا پنجاب پروگرام اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان، اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ ثناءاللہ ہنجرا، اسسٹنٹ کمشنر کروڑ لعل عیسن نور محمد اور متعلقہ افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ تحصیلوں کے پی ایس ای آر سینٹرز کی کڑی مانیٹرنگ کریں تاکہ حقداروں کو ان کا حق پہنچ سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کو بلا تعطل جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تحصیلوں میں ریڑھی بانوں کے لئے ریڑھی بازار کی صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ ان کے روزگار متاثر نہ ہو۔