لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈی پی او محمد علی وسیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لیہ پولیس نے بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 1 کروڑ 2 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کرلیا ہے۔ کارروائی میں گینگ کے سرغنہ سمیت 3 خطرناک ملزمان گرفتار کیے گئے، جن کے خلاف چوری اور ڈکیتی کے 53 مقدمات ٹریس آؤٹ ہو چکے ہیں۔ ڈی پی او کے مطابق برآمد شدہ مال میں 9 بکریاں، 7 موٹر سائیکل، 1 کار، 19 سولر پلیٹس، 6 پیٹر انجن، اے سی اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں۔ یہ ملزمان علاقے میں خوف و ہراس کی علامت بن چکے تھے اور آئے روز وارداتوں میں ملوث تھے۔ پریس کانفرنس میں ڈی ایس پی چوبارہ محبوب احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈی پی او نے کامیاب کارروائی پر سرکل چوبارہ پولیس اور سی آئی اے سٹاف کو شاباش دیتے ہوئے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹ اور کیش ایوارڈ کا اعلان کیا۔ شہریوں نے بھی شاندار کارروائی پر ڈی پی او اور پولیس ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔