ملتان(لیہ ٹی وی) ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کے مشن پر عمل پیرا پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بستی فتح والی موضع شریف آرائیں میں کارروائی کرتے ہوئے 100 لیٹر غیر معیاری دودھ موقع پر ہی ضائع کر دیا اور سپلائر کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے مخصوص گاڑی کی انسپکشن کی، جس کے بعد دودھ کے نمونے لیب بھجوائے گئے۔ رپورٹ میں دودھ کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے معیار کے خلاف پایا گیا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مضرِ صحت دودھ تلف کر دیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور فوڈ سیفٹی ٹیمیں دن رات متحرک ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر وہ کہیں بھی ملاوٹ کی سرگرمی دیکھیں تو فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔